اڈپی،20/اپریل (ایس او نیوز) اڈپی میں لاک ڈاؤن قوانین نافذ رہنے کے باوجود متعلقہ سرکاری افسران سے اجازت نامہ حاصل کیے بغیر شادی کی محفل سجانے پر 11افراد کے خلاف منی پال پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے۔
مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر تحصیلدار پردیپ کورڈیکر،ریوینیو انسپکٹر وشواناتھ نے اپنے عملے کے ساتھ متعلقہ مقام پر پہنچ کر معائنہ کیا تو وہاں شادی کی محفل سجی ہوئی تھی۔ انہوں نے فوری طور پر اس کی اطلاع پولیس افسران کو دی۔جانچ کرنے پر پتہ چلاکہ دلہن کے گھر والے ضروری اجازت حاصل کیے بغیر ہی منگلورو سے ضلع اڈپی میں داخل ہوئے ہیں۔اس کے علاو ہ دفعہ 144نافذ رہنے کے باوجود 60سے زیادہ افراد شادی کی محفل میں شریک ہوئے ہیں۔ اور سماجی فاصلہ بنائے رکھنے کی جو ہدایات دی گئی ہیں اس کی بھی پابندی نہیں کی جارہی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے جب چھاپہ مارا تو شادی میں شرکت کرنے والے بہت سے لوگ موقع پر سے فرار ہوگئے۔
اس ضمن میں تحصیلدار کی طرف سے شکایت درج کیے جانے پر پولیس نے دولھا حسن اور دلہن رملت، دولھے کے بھائی سلیم، نفیسہ، سہیل، اظہرالدین سمیت کل 11افراد پر مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرلیا ہے۔